پاکستان نے پکتیکا میں بمباری کر کے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی: افغان طالبان کا دعویٰ

افغانستان میں طالبان حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعے کو پاکستان نے اس کے سرحدی صوبے پکتیکا میں بمباری کی ہے اور جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔

طالبان کے حکومت کے ایک صوبائی عہدیدار نے بتایا کہ جمعے کو ’پاکستان نے پکتیکا صوبے کے ارغون ضلع میں ایک قصاب کے گھر پر بمباری کی ہے جس میں عام شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔‘

اس سے قبل طالبان کے مرکزی ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی کی تصدیق کی تھی۔

تاہم پاکستانی حکام نے جنگ بندی میں توسیع یا افغانستان میں کسی بھی قسم کا کوئی حملہ کرنے کی اطلاعات پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

خیال رہے پاکستان اور افغانستان نے بدھ کو جھڑپوں کے بعد 48 گھنٹے کی جنگ بندی پر رضا مندی ظاہر کی تھی۔

دوسری جانب خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بھی طالبان کے ایک سینیئر عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ پاکستان نے افغانستان کے سرحدی صوبے پکتیکا میں کارروائی کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پکتیکا میں تین مقامات پر بمباری کی ہے۔ افغانستان اس کا جواب دے گا۔‘

اپنا تبصرہ لکھیں