بلوچستان کے ضلع پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے رکن بلوچستان اسمبلی رحمت صالح بلوچ کے چھوٹے بھائی ولید صالح بلوچ کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق حملہ اس وقت ہوا جب ولید صالح بلوچ اپنی گاڑی میں بازار سے گھر واپس جا رہے تھے۔
مسلح موٹرسائیکل سواروں نے گھر کے قریب حملہ کیا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
پنجگور انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
علاقے میں کشیدگی — لیویز تھانہ نذر آتش
دوسری جانب ضلع کچھی کے علاقے حاجی شہر میں نامعلوم افراد نے لیویز فورس کے تھانے پر حملہ کر کے اسے آگ لگا دی۔
اہلکاروں کو یرغمال بنانے کے بعد حملہ آور اسلحہ لے کر فرار ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد بیس منٹ سے زائد علاقے میں موجود رہے۔
نیشنل پارٹی کا تین روزہ سوگ
نیشنل پارٹی نے اپنے رہنما کے بھائی کے قتل پر تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا۔
پارٹی اعلامیے کے مطابق ولید صالح بلوچ کی شادی کی تقریبات جاری تھیں، لیکن یہ المناک واقعہ گھر کی خوشیاں ماتم میں بدل گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ:
“یہ حملہ امن، عدم تشدد اور سیاسی اقدار کے علمبردار خاندان پر کاری ضرب ہے۔
حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے۔”