بنگلہ دیش میں کپڑے کی فیکٹری میں آتشزدگی، 16 افراد ہلاک

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں کپڑے کی ایک فیکٹری میں آگ لگنے سے کم از کم 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

بنگلہ دیش کی فائر سروس نے بتایا کہ اب تک 16 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں لیکن لاشیں بالکل جل چکی ہیں جس کی وجہ سے ان کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

ڈھاکہ کے میرپور علاقے میں کپڑے کی ایک چار منزلہ فیکٹری میں دوپہر کے وقت آگ لگی تھی جس پر تین گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا۔ تاہم حکام کے مطابق، فیکٹری سے ملحقہ کیمیکل گودام جلتا رہا۔

عینی شاہدین کے مطابق، گودام میں بلیچنگ پاؤڈر، پلاسٹک اور ہائیڈروجن پیرو آکسائیڈ ذخیرہ کیا گیا تھا۔ یہ تمام سامان آگ میں شدت کا سبب بنتا ہے جبکہ پلاسٹک جلنے پر زہریلا دھواں بھی چھوڑتا ہے۔

فائر سروس کے ڈائریکٹر محمد تاج الاسلام چودھری نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ یہ عین ممکن ہے کہ متاثرین ’انتہائی زہریلی گیس‘ کے باعث فوری طور پر ہلاک ہو گئے ہوں گے۔

چودھری نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس اور فوجی افسران ابھی بھی فیکٹری اور گودام کے مالکان کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں