تحریک لبیک کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر پنجاب میں دفعہ 144 نافذ، خیبرپختونخوا حکومت کا مریدکے واقعے کے خلاف آج احتجاج کا اعلان

صوبہ پنجاب میں تحریک لبیک پاکستان کے خلاف جاری کارروائیوں کے بیچ صوبائی حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ہر طرح کے جلسے، جلوس یا احتجاج پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ انسپیکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب کا کہنا ہے کہ ہڑتال کی آڑ میں قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے آج بعد نماز جمعہ مریدکے میں تحریک لبیک کے مارچ پر پولیس کے کریک ڈاؤن اور مبینہ ہلاکتوں اور تشدد کے خلاف صوبے بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

آئی جی پنجاب عثمان انور نے جمعرات کی شام امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں شہریوں کی جان و مال، املاک کا تحفظ اور قانون کی پاسداری بہرصورت یقینی بنائی جائے گی جبکہ مارکیٹیں، کاروباری مراکز، ٹرانسپورٹ اور شاہراہیں کھلی رہیں گی۔

اس حوالے سے جاری ہونے والے ایک بیان میں اُنھوں نے خبردار کیا کہ ’شرپسندی پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہوں گی، جن پر 10 سے 14 سال سزا ہو گی۔‘

آئی جی پنجاب کے مطابق آج (جمعہ کے روز) پنجاب پولیس کے 27 ہزار افسران و اہلکار سڑکوں پر ڈیوٹی کریں گے جبکہ سپیشل برانچ کے 12 ہزار اہلکار بھی شرپسندوں کی ممکنہ کارروائیوں پر نظر رکھیں گے۔

واضح رہے کہ تحریک لبیک پاکستان کے خلاف مریدکے میں ہونے والے پولیس کارروائی کے خلاف سنی مسلک کی جماعتوں پر مشتمل گروپ ’تنظیم اہلسنت‘ نے جمعہ کو احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔

’تنظیم اہلسنت‘ نے ان واقعات پر عدالتی تحقیقات کا بھی مطالبہ کر رکھا ہے۔ ’تنظیم اہلسنت‘ میں جمعیت علمائے پاکستان، منہاج القرآن، سنی تحریک، جماعت اہلسنت اور سنی اتحاد کونسل جیسے گروپس شامل ہیں۔

پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق لاہور میں کاروباری مراکز کو کھلا رکھنے کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کے تناظر میں پولیس حکام نے شہر کے مختلف بازاروں کے صدور سے ملاقاتیں کی ہیں۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق شہر کی تمام مارکیٹوں کے گرد و نواح میں موثر پیٹرولنگ اور گشت کیا جائے گا اور تجارتی مراکز کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔

پولیس افسران نے تاجروں کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے کاروبار بلا خوف و خطر کھلے رکھیں۔

خیبر پختونخوا میں بھی احتجاج کی کال

 

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلِیٰ سہیل آفریدی نے بھی تحریکِ انصاف کے کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ عمران خان کے حکم پر وہ جمعہ کو سڑکوں پر نکلیں اور پُرامن احتجاج کریں۔

تحریک انصاف کے آفیشل اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی اپنی ویڈیو پیغام میں سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ ’تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ ہونے والے ظلم کے خلاف پورے خیبر پختونخوا میں پرامن احتجاج کیا جائے گا۔‘

اپنا تبصرہ لکھیں