ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی محمد طارق ایوب نے توہینِ مذہب کے مقدمے میں نامزد ملزم کو موت کی سزا سنا دی ہے عدالت نے ملزم کو 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی ہے۔
تھانہ سول لائن پولیس نے گذشتہ سال ستمبر میں کامران خان نامی شہری کی مدعیت میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 295 سی کے تحت مقدمہ درج کیا تھا جس میں الزام تھا کہ 50 سالہ ملزم نے لالکرتی کے ایک ہوٹل میں لوگوں کے سامنے توہینِ مذہب کی۔
اس مقدمے کا ٹرائل مکمل ہونے پر عدالت نے ملزم کو سزائے موت کا حکم سنانے کے ساتھ ساتھ 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔
واضح رہے کہ سیشن کورٹ نے بھی اس مقدمے میں ملزم کو موت کی سزا سنائی تھی جس پر ملزم نے عدالتی فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ ہائی کورٹ نے اس مقدمے کو ریمانڈ کرتے ہوئے سیشن عدالت کو از سرِ نو سماعت کا حکم دیا تھا۔
 
                     
             
                                 
                                 
                                 
                                 
                                 
		 
				 
				 
				 
                             
                             
                             
                            