حماس نے مزید چار یرغمالیوں کی لاشیں واپس کر دیں، اسرائیلی فوج

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حماس نے مزید چار یرغمالیوں کی لاشیں واپس کر دی ہیں جس کے بعد اب تک واپس کی گئی لاشوں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔

حماس سے لاشیں ریڈ کراس نے وصول کی تھیں جسے انھوں نے منگل کی رات اسرائیلی فوج کے حوالے کیا۔

اس سے قبل اسرائیل کی جانب سے خبردار کیا گیا تھا کہ وہ غزہ کو بھیجے جانے والی امداد کو اس وقت تک روک کر رکھیں گے جب تک حماس تمام 28 یرغمالیوں کی لاشیں واپس نہیں کر دیتی۔ فلسطینی مسلح گروپ نے پیر کے روز 20 زندہ اور چار مقتول یرغمالیوں کو واپس کر دیا تھا۔

ریڈ کراس نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اسرائیل نے منگل کے روز 45 مقتول فلسطینیوں کی باقیات غزہ واپس بھجوا دی ہیں۔

اسرائیل نے پیر کو حماس کی طرف سے واپس کی گئی چار لاشوں کی شناخت 22 سالہ ڈینیئل پیریٹز، 53 سالہ یوسی شرابی، 26 سال کے گائے الوز اور 23 سالہ نیپالی شہری بپن جوشی کے نام سے کی ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ منگل کی روز واپس کی جانے والی لاشوں کی شناخت کا کام تاحال جاری ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں