پاکستان اور افغانستان کے مابین کشیدگی میں کمی کے لیے فریقین کے مابین مذاکرات قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہو رہے ہیں۔
پاکستان کے دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ دوحہ میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستانی وفد وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف کی قیادت میں شرکت کر رہا ہے۔
دفترِ خارجہ کے مطابق ان مذاکرات کا محور افغانستان سے پاکستان کے اندر ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ اور پاک افغان سرحد پر امن و استحکام کی بحالی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کشیدگی نہیں چاہتا لیکن وہ چاہتا ہے کہ افغان طالبان بین الاقوامی برادری سے کیے گئے وعدؤں کی پاسداری کریں اور پاکستان کے سکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹی ٹی پی اور بی ایل اے سمیت دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کریں۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے کشیدگی میں کمی کے لیے مذاکرات میں قطر کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ بات چیت سے خطے میں امن و استحکام آئے گا۔
افغانستان کا وفد بھی مذاکرات میں شرکت کرنے کے لیے دوحہ پہنچ گیا ہے۔ افغانستان کی عبوری حکومت کے وفد کی صدرات وزیر دفاع ملا یعقوب کر رہے ہیں۔