سندھ اسمبلی کے سابق اسپیکر آغا سراج درانی علالت کے بعد 72 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، وہ نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی 72 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، وہ کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
آغا سراج درانی کا پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما میں شمار ہوتا تھا، 5 اکتوبر 1953 کوشکار پورمیں پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم سینٹ پیٹرک ہائی اسکول سے حاصل کی تھی اور سندھ مسلم گورنمنٹ لا کالج سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی تھی۔
آغا سراج درانی کو 2 مرتبہ اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہونے کا اعزاز حاصل تھا۔
صدر مملکت آصف زرداری نے آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے لیے مغفرت اور ورثا کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آغا سراج درانی نے بطور اسپیکر سندھ اسمبلی اہم خدمات انجام دیں، آغا سراج درانی کی سیاسی اور عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن، وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار سمیت پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔