وزیراعظم شہباز شریف کی سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ بننے پر مبارکباد ، ترقی و خوشحالی کے لیے بھرپور تعاون کی پیشکش— چترال میں دانش اسکول کا تحفہ

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بننے پر مبارکباد اور بھرپور تعاون کی پیش کش کی،چترال کے عوام محدود تعلیمی سہولیات کے باوجود تعلیم یافتہ اور مہذب ہیں۔

چترال میں دانش اسکول کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مجھے کسی نے چترال میں دانش اسکول کا نہیں کہا یہ میرا تحفہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج چترال کے عوام کو ان کا حق دینے آیا ہوں، دانش اسکول سے ہونہار بچوں کو بہترین تعلیمی مواقع مفت میسر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چترال کے عوام کا جدید تعلیم کا خواب شرمندہ تعبیر ہورہا ہے، دور دراز کے عوام کو سہولتوں کی فراہمی میری ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی وسائل سے دور دراز علاقوں میں سہولیات فراہم کررہےہیں، عوام کو سہولیات کی فراہمی ریاست کا فرض ہے۔

خیبرپختونخوا کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چترال خیبرپختونخوا کا خوبصورت علاقہ ہے، خیبرپختونخوا کے بہادر اور غیور عوام نے پاکستان کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور چترال کا جذبہ حب الوطنی مثالی ہے، یہاں کے عوام کی ترقی اور یکجہتی کیلئے کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ بننے پرمبارکباد اور بھرپور تعاون کی پیشکش کی، ان سے کہا کہ ترقی وخوشحالی کے لیے کام اور دہشت گردی ختم کریں۔

قبل ازیں وفاقی وزیر برائے کشمیر امور و گلگت بلتستان اور امورِ ریاستی و سرحدی علاقے انجنیئر امیرمقام نے اپنے خطاب میں کہا کہ چترال میں دانش اسکول کے سنگ بنیاد پر وزیراعظم کے مشکور ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہبازشریف بہترین ایڈمنسٹریٹر اور ماہر معیشت ہیں، اور وہ سب کو ساتھ لیکر چلنے والے رہنما ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں