ایشیا کپ سپر 4: بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

ایشیا کپ سپر فور راؤنڈ کے دوسرے مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کا 172 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

اوپنر بیٹر ابھیشک شرما نے پاکستانی باؤلرز کے خلاف جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے39 گیندوں پر برق رفتار 74 رنز کی اننگز کھیلی، ٹاپ آرڈر بلے باز کو ابرار احمد نے آؤٹ کیا۔
شمبن گل 28 گیندوں پر47 رنز بنا کرفہیم اشرف کا شکار بنے، بھارتی کپتان سوریا کمار یادو دوسری ہی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ سنجو سیمسن 13 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے۔

تلک ورما 30 اور ہاردیک پانڈیا 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، پاکستان کے حارث رؤف نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں، ابرار احمد اور فہیم اشرف نے ایک،ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے، ٹاپ آرڈر بلے باز صاحب زادہ فرحان نے شاندار 45 گیندوں پر 58 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے 5 چوکے اور 3 چھکے بھی لگائے۔

پاکستانی بیٹرز نے بیٹنگ کے آغاز کے ساتھ ہی حریف باؤلرز کے خلاف جارحانہ شارٹس کھیلے۔

اوپنر بلے باز فخر زمان 9 گیندوں پر 15 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے، تاہم ان کے کیچ کو بیشتر کرکٹرز نے مشکوک قرار دیا۔
ٹاپ آرڈر بلے باز صائم ایوب 17 گیندوں پر 21، حسین طلعت 11گیندوں پر 10 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے جب کہ محمد نواز 19 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 21 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

بھارت کے شیوم دھوبے نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں، کلدیپ یادو اور ہاردیک پانڈیا کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

واضح رہے کہ ٹاس کے موقع پر دونوں کپتانوں نے ایک بار پھر ہاتھ ملانے سے اجتناب کیا۔

پاکستان ٹیم سپر فور راؤنڈ کا دوسرا مقابلہ 23 ستمبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں