پاکستانی اداکارہ اور مصنفہ میرا سیٹھی نے اپنی طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے ذاتی زندگی کے ایک مشکل دور اور نئے سفر پر کھل کر بات کی۔
ڈیجیٹل چینل کو دئے گئے انٹرویو کے دوران میرا سیٹھی نے کہا کہ مارچ 2023 میں اپنے شوہر بلال صدیقی سے علیحدہ ہوگئی تھی، یہ وہی وقت تھا جب میں ڈرامہ” کچھ ان کہی‘‘ پر کام کر رہی تھی۔
اداکارہ نے اس موقع پر اپنے جذباتی سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ میری زندگی کا نہایت نازک، جذباتی لیکن طاقتور وقت تھا، خوش قسمتی سے میرے پاس کام موجود تھا جس نے میرے ذہن کو مصروف رکھا، میں روز صبح اٹھتی اور شوٹنگ سیٹ پر چلی جاتی۔
اداکارہ کے مداحوں اور دوستوں نے ان کے عزم اور ہمت کی تعریف کی ہے اور انہیں اس مشکل وقت میں طاقت ور اور باہمت قرار دیا ہے، سوشل میڈیا پر بھی ان کے صارفین نے ان کے لئے دعائیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ میرا سیٹھی نہ صرف اداکارہ بلکہ ایک باکمال مصنفہ بھی ہیں اور ان کا شمار ان فنکاروں میں ہوتا ہے جو اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے تجربات کو کھل کر بیان کرنے سے نہیں گھبراتے۔