خیبر پختونخوا کے نومنتخب وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بدھ کو اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ صوبے کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے گورنر ہاؤس میں ان سے حلف لیا۔

تقریب حلف برداری میں سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی، پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، آئی جی پولیس، چیف سیکریٹری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

13 اکتوبر کو پاکستان میں خیبر پختونخوا اسمبلی نے پی ٹی آئی کے رُکن سہیل آفریدی کو نیا وزیرِ اعلیٰ منتخب کیا تھا۔ اپوزیشن جماعتوں نے اسمبلی کی کارروائِی کو ’غیر آئینی‘ قرار دیتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا تھا۔

سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کے مطابق سہیل آفریدی کو 145 رُکنی ایوان میں 90 ووٹ ملے۔

نئے وزیر اعلیٰ کا یہ انتخاب ایک ایسے موقع پر عمل میں لایا گیا ہے جب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسمبلی اجلاس سے چند گھنٹے قبل سابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کے استعفے پر اعتراض کرتے ہوئے اسے منظور نہیں کیا تھا۔

یہ معاملہ پھر پشاور ہائیکورٹ تک پہنچا اور عدالت نے نئے وزیر اعلی کے حلف کے لیے حکمنامہ جاری کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں