مراکش نے ارجنٹینا کو شکست دے کر انڈر 20 ورلڈ کپ جیت لیا

سانتیاگو:مراکش نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار انڈر 20 ورلڈ کپ جیت لیا ہے۔ فائنل میں مراکش نے چھ بار کی عالمی چیمپئن ارجنٹینا کو دو صفر سے شکست دے کر یہ اعزاز اپنے نام کیا۔

اتوار کے روز چلی کے دارالحکومت سانتیاگو میں کھیلے گئے فائنل میں مراکش کے نوجوان فٹبالر یاسر زبیری نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے دونوں گول اسکور کیے۔
پہلا گول انہوں نے میچ کے 12ویں منٹ میں فری کک پر کیا جبکہ دوسرا گول 29ویں منٹ میں قریب سے شاٹ کے ذریعے کیا۔

ارجنٹینا، جو چھ مرتبہ یہ ٹائٹل جیت چکی ہے، تاریخ میں دوسری بار فائنل میچ میں شکست سے دوچار ہوئی۔ اس سے قبل 1983 میں ارجنٹینا کو برازیل نے فائنل میں ہرایا تھا۔

مراکش کی یہ کامیابی نہ صرف افریقہ بلکہ عرب دنیا کے لیے تاریخی حیثیت رکھتی ہے کیونکہ یہ پہلا موقع ہے جب کسی عرب ملک نے انڈر 20 ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں