ایران کے خلاف اپنی فضائی حدود استعمال نہیں ہونے دیں گے: سعودی عرب

سعودی عرب نے ایران کو واضح یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی فضائی حدود یا سرزمین ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی یا حملے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

اطلاعات کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس دوران ولی عہد نے اس بات کی تصدیق کی کہ سعودی عرب اپنی فضائی حدود یا زمین کو ایران کے خلاف کسی بھی فریق کی جانب سے کسی بھی مقصد کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا، خواہ حملے کی منزل یا نوعیت کچھ بھی ہو۔

ٹیلیفونک گفتگو کے دوران ایرانی صدر نے اسرائیل اور امریکہ پر حالیہ مظاہروں میں ’’مشتعل عناصر کو اکسانے‘‘ کا الزام عائد کیا۔ مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ان دونوں ممالک نے یہ تصور کیا تھا کہ ایسی کارروائیوں کے ذریعے ایران کو شام یا لیبیا جیسی صورتحال سے دوچار کیا جا سکتا ہے، تاہم ایرانی قوم کی شعوری اور بھرپور موجودگی نے ان کے عزائم اور سازشوں کو ناکام بنا دیا۔

ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اس موقع پر کہا کہ سعودی عرب ایران کے خلاف کسی بھی قسم کے خطرے، جارحیت یا کشیدگی کو ناقابلِ قبول سمجھتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سعودی عرب خطے میں دیرپا امن، استحکام اور سلامتی کے قیام کے لیے ایران کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق یہ رابطہ خطے میں بدلتی صورتحال کے تناظر میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی روابط کے فروغ کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔

Related posts

پاکستان آج ون ڈے کرکٹ میں ہزارویں میچ کی تاریخ رقم کرے گا

مالدیپ 4 ملکی فٹبال ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کا 23 رکنی اسکواڈ کا اعلان

امریکا ایران کشیدگی: عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں پھر چڑھ گئیں