Uncategorized ٹرمپ کا ایران سے بات چیت کا اعلان، مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے دوران اہم پیش رفت Zohaib Eliجنوری 30, 202604 مشاهدات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران سے بات چیت کا ارادہ رکھتے ہیں، جبکہ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ صدر ٹرمپ نے جمعرات کو واشنگٹن میں کینیڈی سینٹر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے ایران کی جانب کئی طاقتور جنگی بحری جہاز روانہ کر دیے ہیں، تاہم ان کا استعمال نہ کرنا بہتر ہوگا۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا:"ہمارے بہت بڑے اور انتہائی طاقتور جہاز اس وقت ایران کی طرف روانہ ہیں، اور یہ بہت اچھا ہوگا اگر ہمیں انہیں استعمال نہ کرنا پڑے۔” یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان جوہری پروگرام، علاقائی سلامتی اور ممکنہ فوجی کارروائی کے حوالے سے تناؤ عروج پر ہے۔ حالیہ دنوں میں واشنگٹن کی جانب سے سخت بیانات اور مشرقِ وسطیٰ میں فوجی موجودگی میں اضافے نے خطے میں بے یقینی کی فضا پیدا کر دی ہے۔ دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق صدر ٹرمپ کا یہ بیان ایک طرف فوجی دباؤ جبکہ دوسری جانب سفارتی راستہ کھلا رکھنے کی عکاسی کرتا ہے۔ ایران کی جانب سے تاحال اس بیان پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔