پاکستان کا مشرقی ہمسایہ طالبان رجیم کی مدد کر رہا ہے، خطے اور عالمی امن کو خطرہ ہے: صدر آصف علی زرداری

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کا مشرقی ہمسایہ طالبان رجیم کی مدد کر رہا ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے اور عالمی امن کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکا ہے۔

ایک بیان میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بعض ہمسایہ ممالک اپنی سرزمین دہشت گرد عناصر کو پاکستان کے خلاف کارروائیوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دے کر ان جرائم میں برابر کے شریک بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ممالک نہ صرف دہشت گرد گروہوں کی براہِ راست مالی معاونت کرتے ہیں بلکہ انہیں تکنیکی اور عسکری سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ طالبان رجیم نے ایسے حالات پیدا کر دیے ہیں جو نائن الیون سے پہلے کے دور سے بھی زیادہ خطرناک ہیں، اور اگر عالمی برادری نے بروقت اقدامات نہ کیے تو اس کے اثرات صرف پاکستان تک محدود نہیں رہیں گے۔

آصف علی زرداری نے حالیہ دہشت گردی کے واقعے کے بعد پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کرنے پر عالمی رہنماؤں اور مختلف ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عالمی تعاون کو انتہائی اہم سمجھتا ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد کے نواحی علاقے ترلائی میں نمازِ جمعہ کے دوران مسجد و امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ میں خودکش دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 33 افراد شہید جبکہ 150 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

Related posts

پاکستان آج ون ڈے کرکٹ میں ہزارویں میچ کی تاریخ رقم کرے گا

مالدیپ 4 ملکی فٹبال ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کا 23 رکنی اسکواڈ کا اعلان

امریکا ایران کشیدگی: عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں پھر چڑھ گئیں