Uncategorized عمران خان سے ملاقات کے نام پر مبینہ رشوت کا اسکینڈل، اڈیالہ جیل میں ہنگامہ، اہلکار شعمون شاہ معطل Zohaib Eliمارچ 10, 202605 مشاهدات راولپنڈی: سابق وزیر اعظم Imran Khan سے ملاقات کے نام پر مبینہ رشوت لینے کا سنگین معاملہ سامنے آنے کے بعد اڈیالہ جیل کی سکیورٹی اور انتظامی نظام ایک بار پھر سوالوں کی زد میں آ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چند افراد عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے جہاں مبینہ طور پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل ایگزیکٹو سبطین رضا ورک کے اردلی شعمون شاہ نے ملاقات کروانے کے نام پر 35 ہزار روپے وصول کر لیے۔ اطلاعات کے مطابق ملاقات کے لیے آنے والے افراد کو ایک پرچی جاری کی گئی جس پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل ایگزیکٹو سبطین رضا ورک کے دستخط موجود تھے۔ بعد ازاں جب معاملہ کھلا اور حقیقت سامنے آئی تو جیل کے اندر صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جب یہ بات منظر عام پر آئی کہ رقم عمران خان سے ملاقات کے نام پر وصول کی گئی ہے تو جیل انتظامیہ نے فوری طور پر ملاقاتوں کو روک دیا جبکہ معاملہ دبانے کی کوشش۔ واقعہ سامنے آنے کے بعد سینئر سپرنٹنڈنٹ جیل ساجد بیگ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مبینہ طور پر ملوث اہلکار شعمون شاہ کو معطل کر دیا اور پورے معاملے کی باقاعدہ انکوائری کا حکم دے دیا۔ ذرائع کے مطابق یہ معاملہ سامنے آنے کے دن ہی اڈیالہ جیل میں عام قیدیوں کی ملاقاتیں بھی عارضی طور پر بند کر دی گئی تھیں تاکہ صورتحال کو قابو میں رکھا جا سکے۔ سکیورٹی اور انتظامی حلقوں کا کہنا ہے کہ عمران خان جیسے اہم سیاسی قیدی سے ملاقات کے نام پر مبینہ رقم وصول کرنے کا واقعہ اڈیالہ جیل کی سکیورٹی، نگرانی اور ممکنہ کرپشن کے حوالے سے کئی سنگین سوالات کھڑے کر رہا ہے، جبکہ جاری انکوائری میں مزید انکشافات سامنے آنے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔