پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار، وزیراعظم شہباز شریف نے اضافہ مسترد کر دیا

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی۔

قوم سے خطاب میں وزیراعظم نے عیدالفطر کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے قومی یکجہتی اور اجتماعی ذمہ داری پر زور دیا اور کہا کہ عید کی خوشیاں اس وقت مکمل ہوتی ہیں جب انہیں دوسروں کے ساتھ بانٹا جائے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت ایک غیر معمولی معاشی بحران سے گزر رہی ہے اور خطے میں جاری کشیدگی نے عالمی معیشت کو شدید متاثر کیا ہے۔ ان کے مطابق خلیجی ممالک کی توانائی تنصیبات پر حملوں کے باعث تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چند ہفتے قبل 72 ڈالر فی بیرل رہنے والا تیل 158 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکا ہے جس سے مہنگائی میں شدید اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں پیٹرول میں 50 روپے اور ڈیزل میں 74 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی، تاہم انہوں نے یہ اضافہ مسترد کر دیا کیونکہ اس سے عام آدمی کی زندگی مزید مشکل ہو جاتی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اب تک گزشتہ دو ہفتوں میں 127 روپے فی لیٹر تک اضافے کا بوجھ خود برداشت کر رہی ہے تاکہ عوام کو ریلیف دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں محروم طبقے کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور جہاں تک ممکن ہو، عوام پر بوجھ ڈالنے سے گریز کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک میں کفایت شعاری اور سادگی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اشرافیہ سمیت ہر طبقے کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال اور ایثار و قربانی کے جذبے کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

Check Also

پاکستان آج ون ڈے کرکٹ میں ہزارویں میچ کی تاریخ رقم کرے گا

پاکستان آج ون ڈے کرکٹ میں ہزارویں میچ کی تاریخ رقم کرے گا پاکستان کرکٹ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے