کوئٹہ دھماکا: آئی جی بلوچستان نے ابتدائی رپورٹ وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ کو پیش کردی

کوئٹہ دھماکا: آئی جی بلوچستان نے ابتدائی رپورٹ وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ کو پیش کردی

کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ریلوے ٹریک پر ہونے والے بم دھماکے کے بعد آئی جی بلوچستان پولیس نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو پیش کردی۔ یہ رپورٹ اُس خصوصی اجلاس میں سامنے آئی جو گزشتہ روز دونوں رہنماؤں کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں نہتے شہریوں پر کیے گئے اس بزدلانہ حملے کی پرزور مذمت کی گئی۔ شہدا کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا گیا اور انہیں یقین دلایا گیا کہ ان کے پیاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی حکومت اس مشکل گھڑی میں بلوچستان کے ساتھ ہے اور شہدا کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد اپنے انجام کو پہنچیں گے اور شہدا کے خاندانوں کو کسی بھی مرحلے میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر مشکل میں وفاق کا ساتھ ملا، جس پر بلوچستان کے عوام ممنون ہیں۔

گزشتہ روز کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے نزدیک ریلوے ٹریک کو نشانہ بنانے والے اس دھماکے میں تین ایف سی اہلکاروں سمیت چودہ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں عام شہری بھی شامل تھے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں طبی عملہ صورتحال سے نمٹنے میں مصروف رہا۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ اس حملے کے ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لانا اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔

Related posts

ڈپٹی وزیراعلیٰ کی تقرری کا معاملہ عدالت پہنچ گیا، صوبائی حکومت کو جواب جمع کرانے کا حکم

جوائنٹ اپوزیشن کی پہلی باضابطہ بیٹھک، قومی معاملات پر مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ

قریشی موڑ اور بائی پاس کے قریب فائرنگ، پولیس کا سرچ آپریشن شروع