شوبز مومنہ اقبال کا نکاح، شوہر کا الزام — سیاسی دباؤ نے شادی رکوانے کی کوشش کی News Deskمئی 26, 202600 مشاهدات مومنہ اقبال نے نکاح کرلیا، شوہر حمزہ حبیبی نے لیگی ایم پی اے پر کردار کشی اور جھوٹی ایف آئی آر کا الزام لگا دیا پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔ انہوں نے حمزہ حبیبی سے نکاح کیا ہے، جس کی تصدیق خود حمزہ نے لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کی۔ اس موقع پر انہوں نے مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ پر سنگین الزامات بھی عائد کیے۔ حمزہ حبیبی نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ مومنہ کے ہونے والے شوہر نہیں، شوہر بن چکے ہیں اور دو روز قبل نکاح ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مومنہ ان کی ریڈ لائن ہیں، ان کی عزت ان کی حفاظت کرنا ان کا فرض ہے۔ ثاقب چدھڑ کا نام لیتے ہوئے حمزہ نے الزام لگایا کہ یہ ایم پی اے اور ان کی اہلیہ، مومنہ کی زندگی میں مسلسل دخل اندازی کرتے رہے ہیں — جہاں کہیں بھی مومنہ کا رشتہ طے ہونے والا ہوتا، وہاں فون کرکے ان کی کردار کشی کی جاتی اور بات آگے نہیں بڑھنے دی جاتی۔ حمزہ کے مطابق انہیں بھی اسی طریقے سے ہدف بنایا گیا۔ انہیں فون پر اداکارہ کے خلاف باتیں بتائی گئیں اور طرح طرح کے الزام لگائے گئے۔ جب ثاقب چدھڑ کو اندازہ ہوا کہ حمزہ ان کی باتوں کو مسترد کر دیں گے، تو ان کے خلاف ایک جھوٹی ایف آئی آر درج کروا دی گئی۔ ادھر مومنہ اقبال کی بہن اور وکیل رمشا اقبال اس کیس کی پیروی کر رہی ہیں۔ اس سے قبل رمشا نے میڈیا کو بتایا تھا کہ مومنہ کا نکاح یکم جون کو ہونا طے تھا، شادی خاندان کی مکمل رضامندی سے ہورہی ہے اور ہونے والے شوہر خاندان کے رشتے دار نہیں ہیں۔ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب مومنہ اقبال نے اپنی سوشل میڈیا اسٹوری میں انکشاف کیا کہ ایک بااثر سیاسی شخصیت کی طرف سے انہیں اور ان کے خاندان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ اس سنگین الزام پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی تحقیقات کررہی ہے۔ فریقین کے درمیان یہ تنازع ابھی عدالتی مرحلے میں بھی ہے اور آئندہ سماعتوں میں مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔