اہم ترین پاکستان عید پر ریکارڈ صفائی، ستھرا پنجاب کے ورکرز کے لیے خوشخبری News Deskمئی 30, 202603 مشاهدات عیدالاضحیٰ پر پنجاب سے 3 لاکھ 76 ہزار ٹن آلائشیں ٹھکانے لگا دی گئیں، ستھرا پنجاب ورکرز کو 10 ہزار روپے انعام ملے گا عیدالاضحیٰ کے موقع پر پنجاب بھر سے 3 لاکھ 76 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ ستھرا پنجاب اتھارٹی کے ہر ورکر کو 10 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔ لاہور میں وزیرِ بلدیات ذیشان رفیق کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ستھرا پنجاب اتھارٹی نے اس عید پر صفائی کے محاذ پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ صفائی مانیٹرنگ کے لیے پہلی بار ڈرونز اور جدید ٹیکنالوجی سے مدد لی گئی۔ مجموعی طور پر ایک لاکھ 84 ہزار سے زائد ورکرز نے اس مہم میں حصہ لیا اور کیٹل مارکیٹس کی نگرانی و صفائی بھی یقینی بنائی گئی۔ سینئر وزیر نے بتایا کہ ستھرا پنجاب پروگرام عید کے دوران سوشل میڈیا پر پاکستان بھر میں ٹاپ ٹرینڈ بنا رہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ مریم نواز کی عید کے روز سرجری ہوئی، لیکن وہ آئی سی یو سے باہر آتے ہی صفائی آپریشن کا حال پوچھ رہی تھیں۔ اللہ کے فضل سے سرجری کامیاب رہی اور وزیرِاعلیٰ صحت یاب ہیں — وہ علاج کے لیے کسی بیرونِ ملک نہیں جا رہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر کوئی صوبہ اچھا کام کرے تو دوسروں کو بھی اس سے سبق لینا چاہیے — کراچی سمیت دیگر شہروں میں بھی ایسا نظام ہونا چاہیے۔ آئندہ سال کے لیے محکمۂ بلدیات کو ہدایت دی گئی ہے کہ یونین کونسل کی سطح پر مذبح خانے قائم کیے جائیں، تاکہ صفائی کا نظام مزید مؤثر ہو۔