اہم ترین پاکستان سرحد پار ٹھکانوں پر ضرب: 26 خوارج ہلاک، کمانڈ نیٹ ورک تباہ News Deskجون 10, 202601 مشاهدات پاک افغان سرحدی علاقوں میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر مؤثر کارروائی، 26 خوارج ہلاک پاکستان نے پاک افغان سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر جوابی کارروائی کی ہے جس میں 26 خوارج ہلاک، چار اہم مراکز تباہ اور کمانڈ نیٹ ورکس کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ یہ کارروائی مصدقہ انٹیلیجنس کی بنیاد پر کی گئی۔ موسیٰ درہ میں ایف سی چوکی پر حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز متحرک ہوئیں اور شمالی وزیرستان و بنوں میں حملوں کے ذمہ دار عناصر کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی میں دہشت گردوں کے تربیتی کیمپ، اسلحہ ڈپو اور خفیہ ٹھکانے تباہ کیے گئے۔ عطا تارڑ کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج بھارتی سرپرستی میں کام کر رہے تھے۔ کمانڈرز اور ماسٹر مائنڈز کے نیٹ ورکس بھی اس آپریشن کا ہدف بنے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آپریشن انتہائی مہارت اور درستگی سے انجام دیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ "عزمِ استحکام” کے تحت انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی اور شہریوں کا تحفظ نیز قومی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔