پیٹرول پر لیوی میں کمی، ڈیزل پر اضافہ، نیا نوٹیفکیشن جاری

وفاقی حکومت کا پیٹرولیم لیوی میں ردوبدل، پیٹرول 9 روپے 34 پیسے سستا، ڈیزل کی لیوی میں 8 روپے 67 پیسے اضافہ

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کی شرح میں ردوبدل کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول پر فی لیٹر لیوی میں 9 روپے 34 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد یہ شرح 116 روپے 8 پیسے سے کم ہو کر 106 روپے 74 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اس کے برعکس ڈیزل پر لیوی میں 8 روپے 67 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس سے یہ شرح 44 روپے 59 پیسے سے بڑھ کر 53 روپے 26 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں فریٹ مارجن کے حوالے سے بھی تبدیلیاں شامل ہیں۔ پیٹرول پر فریٹ مارجن میں 4 روپے 45 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر یہ مارجن 2 روپے 1 پیسے کم کیا گیا ہے۔ اسی طرح پیٹرول پر ضمنی اخراجات اور ڈیوٹیز میں 9 روپے 30 پیسے کا اضافہ ہوا ہے، جبکہ ڈیزل پر یہ اخراجات 9 روپے 57 پیسے کم کر دیے گئے ہیں۔ ڈیلرز مارجن پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں پر 8 روپے 64 پیسے فی لیٹر برقرار رکھا گیا ہے۔

دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی لیوی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ مٹی کے تیل پر لیوی 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل پر 15 روپے 84 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔ ہائی اوکٹین پر لیوی کی شرح 305 روپے 37 پیسے فی لیٹر جبکہ فرنس آئل پر 77 روپے فی لیٹر ہی رہے گی۔

Related posts

جوائنٹ اپوزیشن کی پہلی باضابطہ بیٹھک، قومی معاملات پر مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ

قریشی موڑ اور بائی پاس کے قریب فائرنگ، پولیس کا سرچ آپریشن شروع

دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر عوامی اجتماعات پر پابندی، شادی کی تقریبات اور عبادت گاہیں مستثنیٰ