اہم ترین پاکستان طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ملک بھر میں 10 جاں بحق، متعدد زخمی News Deskجون 19, 202605 مشاهدات ملک بھر میں طوفانی بارشوں کی تباہ کاری 10 افراد جاں بحق، متعدد زخمی، 22 جون تک مزید بارشوں کا امکان ملک کے مختلف حصوں میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق خیبرپختونخوا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بارش سے متعلق حادثات میں 9 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 5 مرد، 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔ ڈی آئی خان، اپر دیر، کوہاٹ اور اورکزئی میں مختلف واقعات پیش آئے اور کم از کم 4 مکانات کو نقصان پہنچا۔ پنجاب میں بھی صورتحال معمول پر نہیں رہی۔ گردآلود آندھی کے بعد مختلف شہروں میں کہیں تیز، کہیں ہلکی بارش ہوئی۔ کوٹ قیصرانی میں نالے کا پانی چڑھنے سے مسافر پھنس گئے، تاہم ٹریکٹر ٹرالی پر سوار 10 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ فیصل آباد میں کوکیانوالہ روڈ پر ایک مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد زخمی ہوئے۔ میاں چنوں میں طوفانی بارش کے باعث ایک شخص جاں بحق اور بچوں سمیت دس سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 22 جون تک جاری رہ سکتا ہے۔ شہریوں کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔