کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے بڑا سانحہ، 14 معصوم بچے زندگی کی بازی ہار گئے

لاہور: کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق

لاہور کے علاقے کاہنہ میں ایک ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق ہوگئے۔ پنجاب کے وزیر صحت نے ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کے وقت ایک خاتون ٹیچر سمیت 20 سے 25 بچے ٹیوشن سینٹر میں موجود تھے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع شام 4:45 بجے موصول ہوئی، جس کے بعد فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں اور 5 سے 6 بچوں کو ملبے سے نکال لیا گیا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد 2 بچوں کو ڈسچارج کردیا گیا ہے، جبکہ 4 بچے زیر علاج ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق بچے اسکول کی اکیڈمی میں ٹیوشن پڑھنے آئے ہوئے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ ٹیوشن سینٹر کی بالائی منزل پر تعمیراتی کام جاری تھا، جبکہ گراؤنڈ فلور پر بچے زیر تعلیم تھے۔ ٹیوشن سینٹر چلانے والے پانچ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور تحقیقات کے بعد حادثے کی تمام تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کاہنہ میں پیش آنے والے سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والے بچوں کے لیے دعا اور لواحقین سے تعزیت کی، ساتھ ہی زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن طبی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ گھر میں قائم کیا گیا یہ ٹیوشن سینٹر ایک خستہ حال عمارت میں چلایا جا رہا تھا جس کی مرمت نہیں کرائی گئی تھی۔

Related posts

جوائنٹ اپوزیشن کی پہلی باضابطہ بیٹھک، قومی معاملات پر مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ

قریشی موڑ اور بائی پاس کے قریب فائرنگ، پولیس کا سرچ آپریشن شروع

دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر عوامی اجتماعات پر پابندی، شادی کی تقریبات اور عبادت گاہیں مستثنیٰ