پاکستان موسلادھار بارش نے ملتان کا نظام زندگی درہم برہم کر دیا News Deskجولائی 13, 202606 مشاهدات ملتان: موسلادھار بارش سے میپکو کے 150 فیڈرز ٹرپ، رین ایمرجنسی نافذ تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کے باعث ملتان میں بجلی کا نظام شدید متاثر ہوا ہے۔ میپکو کے 150 فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے نتیجے میں شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ میپکو ترجمان کے مطابق بارش کے باعث 13 فیڈرز مکمل بریک ڈاؤن کا شکار ہوئے، جن کی بحالی کے لیے آپریشن ٹیمیں فوری طور پر متحرک کر دی گئیں۔ ترجمان نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی مرحلہ وار بحال کی جا رہی ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ شدید بارش کے پیش نظر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی ہائی الرٹ کر دی گئیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ حکام کے مطابق نشیبی علاقوں میں پھنسے شہریوں اور گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ اس دوران واسا ملتان نے شہر بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا۔ ایم ڈی واسا فیصل شوکت نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دور رہا جائے، جمع شدہ پانی میں جانے سے گریز کیا جائے اور بچوں کو بارش میں کھیلنے سے روک کر محفوظ رکھا جائے۔