خیبر پختونخوا میں بارشوں کی تباہ کاریاں جاری، امدادی ٹیمیں سرگرم

خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے 14 افراد جاں بحق، 19 زخمی

خیبر پختونخوا میں 19 جولائی سے جاری مون سون بارشوں نے صوبے کے مختلف اضلاع میں تباہی مچا دی ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بارشوں، فلیش فلڈ اور مکانات کی چھتیں و دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں اب تک 14 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 19 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 6 مرد، 6 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں۔ زخمیوں کی تعداد میں 11 مرد، 4 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے مجموعی طور پر 28 مکانات متاثر ہوئے، ان میں سے 22 کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 6 مکانات مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔

متاثرہ علاقوں میں پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، لوئر چترال، لوئر و اپر دیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر، کرم اور شمالی وزیرستان شامل ہیں۔ ان اضلاع میں امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ریلیف آپریشن تیز کیا جائے اور متاثرین کو فوری طبی و مالی امداد فراہم کی جائے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور سرکاری الرٹس و ایڈوائزریز پر عمل کریں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

Related posts

جوائنٹ اپوزیشن کی پہلی باضابطہ بیٹھک، قومی معاملات پر مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ

قریشی موڑ اور بائی پاس کے قریب فائرنگ، پولیس کا سرچ آپریشن شروع

دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر عوامی اجتماعات پر پابندی، شادی کی تقریبات اور عبادت گاہیں مستثنیٰ