موسم

    پاکستان

    تیانگونگ پر پاکستانی خلا باز کے لیے پاکستانی ذائقوں سے بھرا حلال مینیو

    تیانگونگ پر پاکستانی خلا باز کے لیے پاکستانی ذائقوں سے بھرا حلال مینیو
    چینی خلائی اسٹیشن پر پاکستانی خلا باز کے لیے خصوصی حلال مینیو تیار
    چین نے اپنے خلائی اسٹیشن تیانگونگ پر موجود پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کے لیے سو سے زائد کھانوں پر مشتمل خصوصی حلال مینیو تیار کر لیا ہے۔

    چینی سرکاری نشریاتی ادارے سی جی ٹی این کے مطابق اس مینیو میں پاکستانی روایتی پکوان بھی شامل ہیں۔ خصوصی مینیو میں بیف نہاری، مٹن قورمہ، چنے کا سالن اور بٹر چکن سمیت مختلف کھانے رکھے گئے ہیں۔ مقصد یہ ہے کہ اس خلائی اسٹیشن پر آنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز کی غذائی ضروریات کا خیال رکھا جا سکے۔

    محمد ذیشان علی بدھ کے روز شین ژو 24 خلائی مشن کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچے۔ ان کے ہمراہ چینی کمانڈر تانگ ہونگبو اور فلائٹ انجینئر وو یی بھی مشن کا حصہ ہیں۔

    خلائی اسٹیشن پر چینی ساتھیوں سے تعارف کے دوران ذیشان علی نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کا ایک شعر سنایا اور اس کا ترجمہ اپنے ساتھیوں کو بتایا۔

    ذیشان علی نے کہا کہ خلائی اسٹیشن پہنچنا ان کے لیے انتہائی پُرجوش لمحہ ہے، کیونکہ ان کا بچپن کا خواب بالآخر حقیقت بن گیا ہے۔