اسلام آباد میں آج سے ای سی او وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس، عباس عراقچی سمیت علاقائی ممالک کے اعلیٰ حکام کی شرکت متوقع

افغان وزیر خارجہ کو دعوت نہیں دی گئی، علاقائی تجارت، توانائی، ٹرانسپورٹ اور وسطی ایشیا کے عالمی منڈیوں سے رابطوں پر اہم مشاورت ہوگی۔
اسلام آباد: پاکستان کی میزبانی میں اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے وزرائے خارجہ کونسل کا دو روزہ اہم اجلاس آج اسلام آباد میں شروع ہوگا، جس میں خطے کے اقتصادی مستقبل، علاقائی روابط اور تجارتی تعاون کے فروغ سے متعلق اہم امور زیر بحث آئیں گے۔
اجلاس میں ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر عباس عراقچی خصوصی طور پر شرکت کریں گے، تاہم افغان وزیر خارجہ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ غیر ملکی مہمانوں اور وفود کی اسلام آباد آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں۔
ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے وزیر خارجہ تحسین ارطغرل اوغلو اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جبکہ ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر عباس عراقچی آج اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچیں گے۔ وسطی ایشیائی ممالک کے متعدد وزرائے خارجہ اور اعلیٰ سطح کے وفود کی بھی شرکت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ایران، تاجکستان اور جمہوریہ شمالی قبرص کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شریک ہوں گے، جبکہ کرغزستان اور قازقستان کے نائب وزرائے خارجہ اپنے ممالک کی نمائندگی کریں گے۔ ترکیے کے وزیر خارجہ حاقان فیدان کی نمائندگی بھی نائب وزیر خارجہ کریں گے۔
اقتصادی تعاون تنظیم کے 10 رکن ممالک اور تین مبصرین اس علاقائی فورم کا حصہ ہیں، جس کا بنیادی مقصد رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اور روابط کو فروغ دینا ہے۔
اجلاس کی افتتاحی تقریب سے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار خطاب کریں گے، جبکہ ای سی او کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان اور رکن ممالک کے وزرائے خارجہ بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
اجلاس کے ایجنڈے میں علاقائی تجارت کے فروغ، ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں تعاون، اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور وسطی ایشیائی ممالک کو عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے کے امکانات کو خصوصی اہمیت حاصل ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں شریک غیر ملکی وزرائے خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے معزز مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اسلام آباد میں ای سی او اجلاس کا انعقاد پاکستان کے لیے علاقائی سفارت کاری، اقتصادی روابط اور وسطی ایشیا کے ساتھ تجارتی تعاون کو نئی جہت دینے کا اہم موقع ہے۔
