اسلام آباد میں ای سی او کا 30واں اجلاس شروع، علاقائی تجارت اور رابطوں کے نئے امکانات پر غور

پاکستان کی سربراہی میں 10 رکن ممالک کا اہم سفارتی اجتماع، ترکیے، آذربائیجان اور قازقستان کے اعلیٰ حکام اسلام آباد پہنچ گئے، عباس عراقچی کی شرکت بھی متوقع۔
اسلام آباد: پاکستان کی میزبانی میں اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں دو روزہ اجلاس اسلام آباد میں شروع ہوگیا، جس میں علاقائی تجارت، اقتصادی تعاون، توانائی، ٹرانسپورٹ اور وسطی ایشیا کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے کے امکانات پر اہم مشاورت کی جائے گی۔
15 اور 16 نومبر کو ہونے والے اجلاس کی صدارت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کر رہے ہیں۔ اجلاس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ، اعلیٰ سطح کے وفود، ای سی او سیکرٹریٹ اور ذیلی اداروں کے نمائندگان شریک ہیں۔
وزرائے خارجہ کے اجلاس سے قبل رکن ممالک کے سینئر حکام کا اجلاس بھی منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں تنظیم کی سرگرمیوں اور جاری منصوبوں کا جائزہ لینے کے ساتھ وزارتی اجلاس کا ایجنڈا اور مجوزہ دستاویزات حتمی شکل دی جائیں گی۔
غیر ملکی وفود کی اسلام آباد آمد جاری
اجلاس میں شرکت کے لیے غیر ملکی شخصیات اور وفود کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ ترکیے کے نائب وزیر خارجہ موسیٰ کُلاک لِکایا اپنے ملک کے وفد کی قیادت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
آذربائیجان کے نائب وزیر خارجہ النور محمدوف اور قازقستان کے نائب وزیر خارجہ ارمان عیساگالیف بھی اسلام آباد پہنچنے والے اہم شخصیات میں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ شنگھائی تعاون تنظیم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل احمد سیدمرودزادہ اور تنظیم تعاون اسلامی کے سیکرٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد بھی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔
ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے وزیر خارجہ تحسین ارطغرل اوغلو بھی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچے ہیں۔
عباس عراقچی کی شرکت پر نظریں
سفارتی ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر عباس عراقچی کی بھی اجلاس میں خصوصی شرکت متوقع ہے، جبکہ افغان وزیر خارجہ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔
ایران کی ممکنہ اعلیٰ سطح کی شرکت کے تناظر میں اسلام آباد کا یہ اجلاس علاقائی سفارت کاری اور اقتصادی روابط کے حوالے سے اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
پاکستان کی علاقائی رابطوں کو مضبوط بنانے کی حکمت عملی
پاکستان 2026-27 کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم کی سربراہی کر رہا ہے، جس کا مرکزی تھیم Reviving Regionalism for a Resilient ECO رکھا گیا ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان اپنی سربراہی کے دوران علاقائی رابطوں کو مضبوط بنانے، اقتصادی انضمام کو فروغ دینے، تجارتی شراکت داری بڑھانے اور خطے میں پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں پر توجہ دے گا۔
پاکستان خود کو خطے میں تجارتی، لاجسٹکس اور سپلائی چین کے ایک اہم مرکز کے طور پر متعارف کرانے کا خواہاں ہے، تاکہ وسطی ایشیائی ممالک کو بحیرہ عرب اور عالمی تجارتی منڈیوں تک بہتر رسائی فراہم کی جاسکے.
ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریک غیر ملکی وزرائے خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے، جبکہ معزز مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں ای سی او کا یہ اجلاس پاکستان کے لیے محض ایک سفارتی سرگرمی نہیں بلکہ وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کے درمیان اقتصادی روابط کو نئی سمت دینے کا اہم موقع بھی ہے۔
