موسم

    پاکستان

    نئے صوبوں کے قیام پر ریفرنڈم کے لیے وفاقی حکومت کی تیاریاں مکمل

    نئے صوبوں کے قیام پر ریفرنڈم کے لیے وفاقی حکومت کی تیاریاں مکمل
    وزیراعظم آئین کے آرٹیکل 48 کی شق 6 کے تحت قومی اہمیت کے معاملے پر پارلیمنٹ سے ریفرنڈم کی اجازت لے سکتے ہیں

    ملک میں نئے صوبے بنانے کے لیے ریفرنڈم کرانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ وفاقی حکومت نے اس سلسلے میں آئینی اور قانونی مشاورت بھی مکمل کر لی ہے۔ سیاسی جماعتوں کی مطلوبہ حمایت نہ ملنے کی صورت میں معاملہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں لے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔
    حکومتی ذرائع کے مطابق وزارت قانون، وزارت پارلیمانی امور اور اٹارنی جنرل نے ریفرنڈم کے طریقہ کار اور آئینی پہلوؤں پر مشاورت مکمل کر لی ہے۔ ریفرنڈم کے لیے آئین کے آرٹیکل 48 کی شق 6 کے تحت طریقہ کار اپنانے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس شق کے مطابق وزیراعظم قومی اہمیت کے کسی معاملے پر پارلیمنٹ سے ریفرنڈم کی اجازت حاصل کر سکتے ہیں۔
    ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ آئینی ترمیم کے لیے پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کی حمایت نہ ملی تو ریفرنڈم کا معاملہ پارلیمنٹ میں لایا جا سکتا ہے۔ نئے صوبوں کے قیام پر سیاسی جماعتوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت بھی جاری ہے۔ اس کے ساتھ ریفرنڈم کی آئینی و قانونی حیثیت کے تعین کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کے امکان پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
    حکومتی ذرائع کے مطابق ملک میں 10 سے 12 صوبے بنانے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس تجویز کے تحت پنجاب کو چار، جبکہ سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو دو، دو صوبوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
    دوسری جانب بلوچستان اسمبلی میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق قرارداد بھی جلد پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ مارچ 2027 کے پہلے ہفتے میں متوقع سینیٹ انتخابات سے قبل اس معاملے پر پیش رفت ضروری قرار دی جا رہی ہے۔