او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کا پہلا دورۂ اسلام آباد، پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تحسین

اسحاق ڈار کی او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات، فلسطین اور کشمیر کے لیے حمایت کا اعادہ

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں ای سی او کونسل آف منسٹرز کے 30ویں اجلاس کے موقع پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد سے ملاقات کی۔

اسحاق ڈار نے سیکرٹری جنرل کا خیرمقدم کیا، جو عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار اسلام آباد آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کو امت مسلمہ کی ایک متحد اور مؤثر آواز بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ وزیر خارجہ نے تنظیم کے مقاصد کے حصول میں پاکستان کی مسلسل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
سیکرٹری جنرل نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے دوران خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے او آئی سی میں پاکستان کے فعال کردار کی بھی تعریف کی، جس میں کامسٹیک کے ذریعے رکن ممالک کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کا فروغ بھی شامل ہے۔
دونوں رہنماؤں نے او آئی سی کے پلیٹ فارم پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر فلسطین اور جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا گیا اور ان کے حق خودارادیت کے حصول کی حمایت دہرائی گئی
