حماس کا کہنا ہے کہ بھوک اور محاصرے کے دوران امدادی گاڑی کو نشانہ بنانا شہریوں پر حملوں کے تسلسل کا ثبوت ہے

شمالی غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیاں، رہائشی عمارتیں تباہ، امدادی گاڑی پر حملے میں 3 کارکن شہید
غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں۔ شمالی غزہ میں رہائشی عمارتوں کو دھماکوں سے تباہ کر دیا گیا، جبکہ کھانا تقسیم کرنے والی گاڑی پر حملے میں تین امدادی کارکن شہید ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے زیرِ قبضہ علاقوں میں رہائشی عمارتوں کو دھماکوں سے اڑا دیا۔ جنوبی غزہ کے علاقے المواصی میں بے گھر فلسطینیوں کے کیمپ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب امدادی کارکنوں پر بھی حملہ کیا گیا۔ اسرائیلی فوج نے کھانا تقسیم کرنے والی گاڑی پر بمباری کر کے اسے تباہ کر دیا، جس کے نتیجے میں تین امدادی کارکن شہید ہو گئے۔
حماس نے امدادی قافلے پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں اس کا کہنا تھا کہ بھوک اور محاصرے کے دوران امدادی گاڑی کو نشانہ بنانا اسرائیلی درندگی کی نئی مثال ہے۔ حماس کے مطابق یہ کارروائی شہریوں اور انسانی امدادی سرگرمیوں کو نشانہ بنانے کے سلسلے کا تسلسل ہے۔
حماس نے ثالثوں اور ضامن فریقوں سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال پر غور کے لیے فوری اجلاس بلایا جائے۔
