موسم

    کھیل

    بھارتی وزیر داخلہ کے صاحبزادےجے شاہ بلا مقابلہ دوسری مدت کے لیے آئی سی سی چیئرمین منتخب

    جے شاہ دوسری مدت کے لیے آئی سی سی چیئرمین منتخب

    بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق سیکریٹری کا دوبارہ انتخاب؛ 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی اور کھیل کے عالمی فروغ پر توجہ رہے گی۔

    بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق سیکریٹری جے شاہ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا چیئرمین دوسری مدت کے لیے بلا مقابلہ منتخب کر لیا گیا ہے۔

    آئی سی سی کے مطابق یہ فیصلہ انڈونیشیا کے شہر بالی میں ہونے والے بورڈ اجلاس کے دوران کیا گیا، جہاں آئی سی سی ڈائریکٹرز کی تجویز کے بعد جے شاہ کی دوبارہ تقرری کی منظوری دی گئی۔

    جے شاہ نے اگست 2024 میں پہلی مرتبہ آئی سی سی چیئرمین کا عہدہ بلا مقابلہ حاصل کیا تھا اور یکم دسمبر 2024 کو ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ اس وقت 35 برس کی عمر میں وہ آئی سی سی کی تاریخ کے کم عمر ترین چیئرمین بنے تھے۔

    اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی اہم ترجیح

    اپنی دوسری مدت میں جے شاہ کے سامنے اہم اہداف میں کرکٹ کی عالمی سطح پر توسیع اور کھیل کے نئے شائقین تک رسائی شامل ہوگی۔ 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی بھی آئی سی سی کے لیے ایک اہم مرحلہ ہے۔

    جے شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت کھیل کو نئے ناظرین سے متعارف کرانے اور کھلاڑیوں و شائقین کی نئی نسل کو متاثر کرنے کا غیر معمولی موقع فراہم کرے گی۔

    آئی سی سی کے مطابق ادارہ خواتین کی کرکٹ کے فروغ، ایسوسی ایٹ رکن ممالک کے لیے مواقع بڑھانے، کھیل کی شفافیت کے تحفظ اور تجارتی بنیادوں کو مزید مستحکم بنانے پر بھی توجہ دے گا۔


    جے شاہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے صاحبزادے ہیں۔ وہ آئی سی سی چیئرمین بننے سے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے اعزازی سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔