دونوں ممالک کی دوستی اب خلا تک پہنچ گئی ہے

مشترکہ خلائی مشن: صدر زرداری اور شی جن پنگ کے درمیان خطوط کا تبادلہ
صدر مملکت آصف علی زرداری اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان پاکستانی اور چینی خلابازوں کے مشترکہ مشن سے متعلق خطوط کا تبادلہ ہوا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے خلائی تعاون میں اس تاریخی سنگ میل پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔
چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ پاکستانی اور چینی خلابازوں کا مشترکہ مشن دونوں ممالک کی گہری دوستی کا عملی مظہر ہے۔ ان کے مطابق چین پاکستان اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر خلا کے پرامن استعمال کے لیے کام کرے گا اور خلائی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
صدر آصف علی زرداری نے اس کامیابی پر پاکستان کے فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پائیدار پاک چین دوستی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی خلاباز چینی خلائی اسٹیشن پہنچنے والا پہلا غیرملکی خلاباز بن گیا ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدام مشترکہ مستقبل کی حامل کمیونٹی کے اس وژن کی عملی تصویر ہے جسے دونوں ممالک آگے بڑھا رہے ہیں۔
