پاکستانی پیس اٹیک کے آگے سری لنکن بیٹنگ لائن بکھر گئی، آدھی ٹیم 50 رنز سے پہلے آؤٹ

دوسرا ٹیسٹ: سری لنکا کی پوری ٹیم 98 رنز پر آؤٹ
پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کی پوری ٹیم محض 98 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستانی بولرز نے ابتدا ہی سے مہمان بیٹنگ لائن پر دباؤ رکھا اور آدھی ٹیم 50 رنز کا ہندسہ عبور کرنے سے پہلے ہی پویلین لوٹ چکی تھی۔
سری لنکا کی جانب سے کوشال مینڈس 32 اور سونل دینوشا 21 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ کوئی بلے باز مزاحمت نہ کر سکا۔ کمندو مینڈس نے 8، دنیش چندی مل نے 7، پسندو سوریا بندارا اور لاہیرو دار نے 4، 4 رنز بنائے، جبکہ دھننجیا ڈی سلوا صرف ایک رن بنا سکے۔
پاکستان کی طرف سے رضا اللہ، محمد عباس اور عامر جمال نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ ثاقب خان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
اس سے پہلے پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم حریف پر شروع سے دباؤ بنانے کی کوشش کرے گی۔ پاکستان نے اس میچ کے لیے ایک تبدیلی کی اور عرفات منہاس کی جگہ عامر جمال کو شامل کیا۔
سیریز کا پہلا ٹیسٹ ڈرا پر ختم ہوا تھا۔ اس میچ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں پر 434 رنز پر ڈیکلیئر کی تھی، جبکہ سری لنکا نے پہلی اننگز میں 446 رنز بنائے تھے۔ میچ کے اختتام پر پاکستان کا اسکور 8 وکٹوں پر 284 رنز تھا۔ پہلی اننگز میں 7 وکٹیں لینے والے ثاقب خان پلیئر آف دی میچ قرار پائے تھے۔
دوسری جانب میٹرو بس سروس کے حکام نے بتایا ہے کہ ٹیم کی نقل و حرکت کے دوران سروس بند رکھی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر میچ کے دوران ختم نبوت، فیض آباد اور سکستھ روڈ کے تین میٹرو اسٹیشن مکمل طور پر بند رہیں گے۔
