تہذیبی مکالمہ اختلافات کے باوجود رابطے کا دروازہ کھلا رکھنے کا موقع ہے

شنگھائی تعاون تنظیم کا نئی دہلی فورم: تہذیبی مکالمے سے علاقائی تعاون کی راہ
شنگھائی تعاون تنظیم کا بھارتی اجلاس: تہذیبی مکالمہ اور علاقائی تعاون کے امکانات
تحریر: زین پراچہ
عالمی سیاست میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، علاقائی تنازعات اور بڑی طاقتوں کے درمیان مسابقت نے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ایسے حالات میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کا نئی دہلی میں پہلا تہذیبی مکالمے کا فورم منعقد ہونا ایک اہم پیش رفت ہے۔ 20 سے 22 نومبر 2026ء تک جاری رہنے والے اس اجلاس میں رکن ممالک کے نمائندوں، دانش وروں، ماہرین اور ثقافتی شخصیات نے مشترکہ تہذیبی ورثے، ثقافتی روابط اور عوامی سطح پر باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
اس تنظیم کی بنیاد 15 جون 2001ء کو چین کے شہر شنگھائی میں رکھی گئی تھی۔ اس کے ابتدائی چھ بانی ارکان چین، روس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان تھے۔ تاہم اس کا ابتدائی خاکہ 1996ء میں قائم ہونے والے ’’شنگھائی فائیو‘‘ سے وجود میں آیا، جس کا بنیادی مقصد سابق سوویت ریاستوں اور چین کے درمیان سرحدی تنازعات کو کم کرنا، فوجی اعتماد سازی اور علاقائی استحکام کو فروغ دینا تھا۔ بعد ازاں اس دائرہ کار میں دہشت گردی، انتہا پسندی اور علیحدگی پسندی کے خلاف مشترکہ اقدامات کے ساتھ اقتصادی، تجارتی، تعلیمی اور ثقافتی تعاون بھی شامل کر لیا گیا۔
وقت کے ساتھ تنظیم کا دائرہ وسیع ہوتا گیا۔ پاکستان اور بھارت 2017ء میں، ایران 2023ء میں جبکہ بیلاروس 2024ء میں مکمل رکن بنے۔ یوں اس وقت ایس سی او کے دس مستقل رکن ممالک ہیں۔ اس کے بنیادی مقاصد میں رکن ممالک کے درمیان اعتماد اور دوستانہ تعلقات کا فروغ، علاقائی امن و سلامتی، اقتصادی تعاون، تجارت، توانائی، ٹرانسپورٹ اور ثقافتی روابط کو مضبوط بنانا شامل ہیں۔ یہ تنظیم کسی فوجی اتحاد کے بجائے باہمی مشاورت اور مشترکہ مفادات پر مبنی علاقائی تعاون کا پلیٹ فارم ہے۔
نئی دہلی میں منعقدہ فورم کا بنیادی مقصد مختلف تہذیبوں کے مشترکہ ورثے کو اجاگر کرنا اور ثقافتی مکالمے کے ذریعے ریاستوں کے درمیان اعتماد کو فروغ دینا تھا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے 20 نومبر کو اس کا افتتاح کیا۔ اجلاس میں موسیقی، فنونِ لطیفہ، ادب، زبانوں، تاریخی ورثے اور روایتی علوم کے مختلف پہلو زیرِ بحث آئے۔ اختتامی مرحلے میں جاری ہونے والے ’’اندرپرستھ اعلامیے‘‘ میں تہذیبی ورثے کے تحفظ، ثقافتی تنوع کے احترام اور غیر قانونی نوادرات کی تجارت کی روک تھام پر زور دیا گیا۔
اس فورم کا ایک اہم پہلو پاکستان کی شرکت بھی تھی۔ پاکستان کے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ مئی 2025ء کی پاک بھارت عسکری کشیدگی کے بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا بھارت کا یہ پہلا دورہ تھا۔ اس اعتبار سے یہ شرکت سفارتی سطح پر اہمیت رکھتی ہے۔ تاہم فورم کے دوران دونوں ممالک کے درمیان کوئی باضابطہ دوطرفہ مذاکرات نہیں ہوئے۔ اس کے باوجود ایک کثیر ملکی پلیٹ فارم پر دونوں ملکوں کے نمائندوں کی موجودگی اس حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ اختلافات کے باوجود رابطے کے دروازے بند نہیں ہونے چاہییں۔
یہ امر بھی قابلِ توجہ ہے کہ پاکستان 2026-27ء کے لیے ایس سی او کی سربراہی کر رہا ہے اور 2027ء میں تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی بھی کرے گا۔ اس حیثیت میں پاکستان کے پاس علاقائی روابط، تجارتی تعاون اور سیاسی مکالمے کو آگے بڑھانے کا اہم موقع موجود ہے۔ بالخصوص پاکستان، چین، روس، ایران اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان جغرافیائی قربت اور معاشی مفادات علاقائی تعاون کے نئے امکانات پیدا کر سکتے ہیں۔
تاہم تنظیم کو درپیش چیلنجز بھی کم نہیں۔ پاکستان اور بھارت کے اختلافات، چین اور بھارت کے سرحدی تنازعات، افغانستان کی غیر یقینی صورت حال اور عالمی طاقتوں کی باہمی مسابقت مشترکہ فیصلوں کی راہ میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ رکن ممالک اپنے دوطرفہ تنازعات کو تنظیم کے اجتماعی مقاصد پر غالب نہ آنے دیں۔
موجودہ عالمی اور علاقائی حالات تقاضا کرتے ہیں کہ
یہ فورم محض تہذیبی مکالمہ, ثقافتی تقریبات اور مشترکہ اعلامیوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے سیاسی اعتماد، معاشی شراکت داری اور علاقائی امن کی عملی بنیاد بننا ہوگا۔ پاکستان کے لیے بھی یہ موقع ہے کہ وہ اپنی آئندہ سربراہی کو محض رسمی ذمہ داری کے بجائے علاقائی تعاون کے مؤثر فروغ کے لیے استعمال کرے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کی حقیقی کامیابی اسی وقت ممکن ہے جب اس کے رکن ممالک اختلافات کے باوجود مشترکہ مفادات کو ترجیح دیں اور مکالمے کو تصادم پر فوقیت دیں۔ حکومت کو چاہیے کہ آئندہ سال پاکستان میں ہونے والے اجلاس کے موقع پر پاکستان کا سافٹ اور مثبت کردار اجاگر کرنے کے لیے ابھی سے ٹھوس منصوبہ بندی کرے تا کہ تمام سیاسی جماعتوں, صوبائی ثقافتی تنظیموں اور دیگر اداروں کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جا سکے-
