صدر زرداری سے محسن نقوی کی اہم ملاقات، ملکی سکیورٹی اور نئے صوبوں کے قیام پر تبادلہ خیال

نواب شاہ: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں سیاسی امور، ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق تجاویز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
نواب شاہ میں ہونے والی یہ ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی۔ ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، داخلی سلامتی کے معاملات اور انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام کے امکانات زیرِ بحث آئے۔
ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سیاسی بحث ایک بار پھر موضوعِ گفتگو بنی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے کہا تھا کہ ریفرنڈم کروا لیا جائے، اگر عوام کی رائے صوبوں کے قیام کے حق میں ہو تو نئے صوبے بنا دیے جائیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملک میں ری سیٹ کے معاملے پر وہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ایک پیج پر ہیں۔ ان کے مطابق تمام سیاسی جماعتیں اہمیت رکھتی ہیں اور اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ سیاسی اختلافات کو نظرانداز کرکے نہیں کیا جائے گا۔
اہم سوال یہ ہے کہ کیا نئے صوبوں کے قیام پر سیاسی قیادت میں اتفاقِ رائے پیدا ہو سکے گا، یا یہ معاملہ ایک بار پھر سیاسی بحث تک محدود رہے گا؟
