Uncategorized آزاد کشمیر: وادی نیلم میں شدید برفباری، وادی لیپا کا ہٹیاں بالا سے زمینی رابطہ منقطع web editorجنوری 26, 202604 مشاهدات آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔ مسلسل برفباری کے نتیجے میں وادی لیپا کا ضلعی ہیڈ کوارٹر ہٹیاں بالا سے زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو گیا ہے۔ زمینی راستے بند ہونے کے باعث ایک مریضہ طبی پیچیدگیوں کا شکار ہو گئی، جس پر پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کامیاب ہیلی کاپٹر ریسکیو آپریشن انجام دیا۔ مریضہ کو فوری اور محفوظ انداز میں راولپنڈی کے ملٹری اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ دوسری جانب استور ویلی روڈ گزشتہ چار روز سے بند ہے، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پاراچنار میں بھی شدید سردی اور برفباری نے صورتحال مزید سنگین بنا دی ہے، رابطہ سڑکیں بند جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ شدید برفباری کے باعث تیرہ کے علاقے میں بھی حالاتِ زندگی بری طرح متاثر ہیں۔ پاک فوج اور دیگر امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں میں مصروف ہیں تاکہ عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک مزید برفباری کا امکان ہے، جس کے پیشِ نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔