Uncategorized بنوں میں پولیس موبائل پر دہشتگرد حملہ، جوابی کارروائی میں 2 دہشتگرد ہلاک، علاقے میں سرچ آپریشن جاری web editorجنوری 26, 202606 مشاهدات بنوں میں دہشتگردی کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے جہاں ڈومیل چشمی روڈ پر دہشتگردوں نے پولیس موبائل پر حملہ کر دیا۔ ڈی آئی جی بنوں کے مطابق پولیس نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دو دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ دیگر دہشتگرد اپنے ساتھیوں کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کو گرفتار کیا جا سکے۔ واقعے میں کسی پولیس اہلکار کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ دوسری جانب بنوں کے علاقے میریان میں نامعلوم افراد نے ایک اہم رابطہ پل کو بارودی مواد سے اڑا دیا۔ پولیس کے مطابق بارودی مواد پل کے نیچے نصب کیا گیا تھا جس کے باعث دھماکے سے پل مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ سکیورٹی اداروں نے پل کی تباہی کے بعد علاقے کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق دہشتگردی کے ان واقعات کا مقصد علاقے میں خوف و ہراس پھیلانا ہے تاہم سکیورٹی فورسز صورتحال پر مکمل کنٹرول رکھے ہوئے ہیں۔