Uncategorized پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلے گا یا نہیں؟ چیئرمین پی سی بی کی آج وزیراعظم سے فیصلہ کن ملاقات متوقع web editorجنوری 26, 202603 مشاهدات انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے بھارت میں کھیلنے سے انکار پر بنگلادیش کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے نکالنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کی ایونٹ میں شرکت پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ اگرچہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، تاہم اب یہ اہم سوال سامنے آ چکا ہے کہ کیا پاکستان واقعی ورلڈ کپ کھیلے گا یا بائیکاٹ کرے گا؟ ذرائع کے مطابق اس معاملے پر مشاورت کے لیے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی آج وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں پاکستان کی ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت سے متعلق تمام پہلوؤں پر غور کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی مشاورت کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ سفارتی اور سکیورٹی معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے کوئی حتمی فیصلہ کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اس معاملے پر مشاورت جاری ہے، حکومت اپنا کردار ادا کرے گی اور جو بھی فیصلہ ہوگا قوم کو آگاہ کر دیا جائے گا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلادیش کا فیصلہ اصولوں پر مبنی تھا اور آئی سی سی کے دوہرے معیار کو مسترد کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سیاست زدہ کرکٹ کسی کے مفاد میں نہیں، کرکٹ کو اصولوں کے مطابق چلنا چاہیے۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان کے کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور ہر میدان میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، تاہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کا حتمی فیصلہ حکومت پاکستان کرے گی۔ واضح رہے کہ چند روز قبل بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر بھارت میں میچز کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم آئی سی سی نے یہ مؤقف مسترد کرتے ہوئے بنگلادیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ایونٹ میں شامل کر لیا۔ ذرائع کے مطابق بنگلادیش کے اخراج کے بعد پاکستان کے ممکنہ بائیکاٹ پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز 7 فروری سے ہونا ہے جبکہ پاکستان کے میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے ہیں۔