Uncategorized اسلام آباد امام بارگاہ دھماکہ: بھارت کی مذمت، الزامات مسترد، افغانستان کا بھی مذمتی بیان web editorفروری 7, 202603 مشاهدات انڈین وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال کے مطابق پاکستان اپنی اندرونی خرابیوں کا ذمہ دار دوسروں پر ڈال کر خود کو دھوکہ دے رہا ہے انڈیا کی وزارتِ خارجہ نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ پر ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاکتوں پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کی مسجد میں بم دھماکہ قابلِ مذمت ہے اور انڈیا اس واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتا ہے۔ بی بی سی ہندی کے مطابق بھارتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ پاکستان اپنے سماجی مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنے کے بجائے اپنی اندرونی خرابیوں کا ذمہ دار دوسروں پر ڈال کر خود کو دھوکہ دے رہا ہے۔‘‘بیان میں مزید کہا گیا کہ ’’انڈیا ایسے تمام بے بنیاد الزامات کو یکسر مسترد کرتا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسلام آباد امام بارگاہ حملے کے پیچھے بھارت اور افغانستان کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا تھا کہ ’’یہ ثابت ہو چکا ہے کہ حملہ آور افغانستان جا چکا تھا اور بھارت و افغانستان کی ملی بھگت سامنے آ رہی ہے۔‘‘ دوسری جانب افغانستان کی طالبان حکومت نے بھی اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔افغان وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے بیان میں کہا کہ ’’افغانستان میں طالبان حکومت اسلام آباد میں جمعہ کی نماز کے دوران امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش حملے کی سخت مذمت کرتی ہے، جس میں متعدد نمازی شہید اور زخمی ہوئے۔‘‘ افغان بیان میں شہدا کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔