ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: فہیم اشرف کی دھواں دار بیٹنگ، پاکستان نے نیدرلینڈز کو سنسنی خیز مقابلے میں 3 وکٹوں سے شکست دے دی

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے فہیم اشرف کی شاندار اور دھواں دار بیٹنگ کی بدولت سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز کے 147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم 27 کے مجموعے پر صائم ایوب 13 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، انہوں نے اپنی اننگز میں 4 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا 53 کے مجموعے پر 12 رنز بنا کر آریان دت کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ صاحبزادہ فرحان 46 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ عثمان خان صفر پر بولڈ ہوگئے، دونوں کھلاڑیوں کو پال وین میکرین نے ایک ہی اوور میں آؤٹ کیا۔

اگلے ہی اوور میں وین ڈر مرفی نے بابر اعظم کو کیچ آؤٹ کروا دیا۔ محمد نواز 13 گیندوں پر 6 رنز جبکہ شاداب خان 12 گیندوں پر 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سات وکٹیں گرنے کے بعد میچ نیدرلینڈز کی گرفت میں دکھائی دے رہا تھا۔

ایسے نازک موقع پر فہیم اشرف نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 9 گیندوں پر 29 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 3 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے، اور پاکستان کو ورلڈکپ میں پہلی فتح دلوا دی۔


نیدرلینڈز کی اننگز

اس سے قبل پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر نیدرلینڈز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

نیدرلینڈز کی جانب سے مائیکل لیوٹ اور میکس اوڈووڈ نے اننگز کا آغاز کیا اور 28 رنز کا ابتدائی آغاز فراہم کیا۔ میکس اوڈووڈ 5 رنز بنا کر سلمان مرزا کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ مائیکل لیوٹ 24 رنز بنا کر محمد نواز کا شکار بنے۔

کولن ایکرمین 20 رنز جبکہ باس ڈی لیڈ 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد ابرار نے پانچویں وکٹ حاصل کی جبکہ صائم ایوب نے دو کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔

وین ڈر مرفی نیدرلینڈز کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جنہیں شاہین آفریدی نے سلمان علی آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ آخری اوور میں سلمان مرزا نے دو وکٹیں حاصل کر کے پوری ڈچ ٹیم کو 147 رنز پر ڈھیر کر دیا۔

ایک موقع پر نیدرلینڈز 160 سے 170 رنز کے اسکور کی جانب بڑھتا دکھائی دے رہا تھا، تاہم پاکستانی بولرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے آخری 6 وکٹیں صرف 20 رنز کے عوض حاصل کیں۔

پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3 جبکہ صائم ایوب، محمد نواز اور ابرار احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، ایک وکٹ شاہین آفریدی کے حصے میں آئی۔

نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 37 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔

Related posts

پاکستان آج ون ڈے کرکٹ میں ہزارویں میچ کی تاریخ رقم کرے گا

مالدیپ 4 ملکی فٹبال ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کا 23 رکنی اسکواڈ کا اعلان

امریکا ایران کشیدگی: عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں پھر چڑھ گئیں