بلوچستان سے ٹرین سروس بحال، جعفر ایکسپریس کا معمول کا شیڈول بحال
بلوچستان سے اندرون ملک ٹرین سروس دو روز کی معطلی کے بعد بحال کر دی گئی ہے۔ محکمہ ریلویز نے بدھ کو سروس بحالی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جعفر ایکسپریس اپنے معمول کے شیڈول پر واپس آ گئی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق 18 اور 19 مئی کو ناگزیر وجوہات کی بنا پر بلوچستان سے تمام ٹرین آپریشن روک دیا گیا تھا۔ اس دوران کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس مکمل طور پر منسوخ رہی، جبکہ پشاور سے کوئٹہ آنے والی ٹرین صرف جیکب آباد تک چلائی جاتی رہی۔
سروس بحال ہونے کے ساتھ ہی آج جعفر ایکسپریس صبح نو بجے کوئٹہ سے پشاور کے لیے روانہ ہوگئی۔ پشاور سے چلنے والی ٹرین بھی بدھ کی سہ پہر تک کوئٹہ پہنچنے کی توقع ہے۔
بلوچستان کے مسافروں کے لیے یہ ٹرین رابطے کا اہم ذریعہ ہے، اور دو روزہ تعطل کے بعد سروس کی بحالی سے ہزاروں مسافروں کو سہولت ملے گی۔
