وسطی کرم: دو شدت پسند گروہوں میں تصادم، کمانڈر ممتاز امتی سمیت 18 ہلاک
ضلع کرم کے علاقے مناتو کامران کلے میں دو شدت پسند گروہوں کے درمیان ہونے والے مسلح تصادم میں کمانڈر ممتاز امتی سمیت کل 18 افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ دونوں طرف سے بھاری ہتھیار استعمال ہوئے اور ہلاک شدگان کی لاشیں علاقے سے برآمد کر لی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق جھڑپ وسطی کرم کے علاقے مناتو کامران کلے میں ہوئی، جہاں شدت پسند کمانڈر کاظم اور ممتاز امتی کے گروہ آپس میں ٹکرا گئے۔ فریقین نے بھاری ہتھیاروں سے ایک دوسرے پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دونوں جانب جانی نقصان ہوا۔ مقامی قبائل نے بعد ازاں لاشیں اٹھا کر تدفین کا عمل شروع کر دیا۔
وسطی کرم کا یہ علاقہ عرصے سے مسلح سرگرمیوں کا مرکز رہا ہے۔ سیکیورٹی فورسز یہاں متعدد آپریشن کر چکی ہیں، جن میں سینکڑوں شدت پسند مارے گئے اور ان کے تربیتی مراکز سمیت درجنوں ٹھکانے تباہ کیے گئے۔
حکام کے مطابق علاقے میں صورتحال کی نگرانی جاری ہے اور مزید کارروائی کا امکان بھی موجود ہے۔ مقامی آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
