اہم ترین پاکستان فیلڈ مارشل عاصم منیر کے امریکا ایران مذاکرات میں ثالثی کردار کا عالمی سطح پر بھی اعتراف ہونے لگا News Deskمئی 25, 202604 مشاهدات فیلڈ مارشل عاصم منیر کے امریکا ایران ثالثی کردار کا عالمی سطح پر اعتراف، سی بی ایس نیوز نے پاکستان کو واحد کامیاب ثالث قرار دے دیا امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات کے نازک ترین مرحلے میں پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جو ثالثی کردار ادا کیا، اب اس کا اعتراف عالمی سطح پر بھی ہونے لگا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز نے اپنی تازہ رپورٹ میں پاکستان کو وہ واحد ملک قرار دیا ہے جو مذاکراتی مسودے کو حتمی شکل تک لے جانے میں کامیاب ہوا۔ سی بی ایس نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مشرق وسطیٰ کے موجودہ بحران میں خلیجی ریاستیں اور لبنان بھی کسی نہ کسی حد تک اس تنازعے کا حصہ ہیں، لیکن مسودے کو دونوں فریقوں کے لیے قابل قبول شکل دینا صرف پاکستان کے ہاتھوں ممکن ہو سکا۔ رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل کے دورہ تہران نے اس پیش رفت میں کلیدی کردار ادا کیا، اور واپسی پر مجوزہ مسودہ ایرانی اور امریکی قیادت کو جائزے کے لیے بھجوایا گیا۔ امریکی چینل کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو امریکا اور ایران دونوں کا بھرپور اعتماد حاصل ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ انہیں "مائی فیورٹ فیلڈ مارشل” کہہ کر مخاطب کر چکے ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے دوران پاکستانی حکومت اور فوجی قیادت کی باہمی ہم آہنگی نے دونوں فریقوں کے درمیان خلیج کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا — اور یہی ہم آہنگی اس ثالثی کا بنیادی ستون ثابت ہوئی۔ سی بی ایس نیوز نے تاریخی حوالہ دیتے ہوئے یاد دلایا کہ یہ پہلی بار نہیں کہ پاکستان نے بڑی طاقتوں کے درمیان پل کا کردار ادا کیا ہو۔ 1970 کی دہائی میں بھی پاکستان نے امریکا اور چین کے درمیان سفارتی راہ ہموار کی تھی۔ آج ایک بار پھر اسلام آباد دنیا کی دو بڑی طاقتوں کے درمیان مکالمے کا ذریعہ بنا ہے، اور یہ کردار پاکستان کی سفارتی حیثیت کو عالمی سطح پر نئی پہچان دے رہا ہے۔