حج2026: لاکھوں عازمین منیٰ پہنچ گئے، درجہ حرارت 47 ڈگری تک پہنچنے کا خدشہ

حج2026: لاکھوں عازمین منیٰ پہنچ گئے، درجہ حرارت 47 ڈگری تک پہنچنے کا خدشہ

مکہ مکرمہ میں مناسک حج کا آغاز ہوگیا اور لاکھوں عازمین خیموں کے شہر منیٰ میں پہنچنا شروع ہوگئے۔ یہ سلسلہ دوپہر تک جاری رہنے کی توقع ہے، جس کے بعد عازمین پیر کی رات منیٰ میں قیام کریں گے۔

منگل 9 ذی الحج کو حج کا رکن اعظم — وقوف عرفہ — ادا کیا جائے گا، اور اس دن عازمین منیٰ سے میدانِ عرفات روانہ ہوں گے۔ یہ وہ لمحہ ہے جسے حج کی روح قرار دیا جاتا ہے۔

اس سال مناسک کے دوران موسم کڑا رہنے کا امکان ہے۔ سعودی محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ 25 مئی تک مکہ مکرمہ میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ ہوا میں نمی 40 فیصد رہنے اور کھلے مقامات پر گرد آلود ہواؤں کا بھی خدشہ ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق حکام نے عازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں، وافر مقدار میں پانی پئیں اور گرمی سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اصولوں کو ہر حال میں مدنظر رکھیں۔

بیرون ملک سے آنے والے حجاج کی تعداد جمعہ کی دوپہر تک 15 لاکھ 18 ہزار سے تجاوز کر چکی تھی۔ ان میں سے 14 لاکھ 57 ہزار سے زائد فضائی راستے سے سعودی عرب پہنچے۔

مقدس مقامات پر سہولیات بڑھانے کے لیے سعودی حکام نے سایہ دار جگہوں، مسٹ فین اور طبی مراکز کی تعداد میں نمایاں اضافہ کیا ہے تاکہ عازمین کو زیادہ سے زیادہ آسانی فراہم کی جاسکے۔

Related posts

وزیراعظم شہباز شریف کا ایک روزہ دورہ قطر، امیرِ قطر سے ملاقات آج متوقع

اقوام متحدہ کے امدادی سامان کیلئے این او سی جاری، ٹرک طورخم سرحد پر منتظر

خلیجی خطے میں امریکی اڈوں پر ایرانی حملے، آبنائے ہرمز بند کرنے کی دھمکی