اہم ترین میدان عرفات میں امام مسجد نبوی کا خطبہ — توحید، صبر اور شکرگزاری کا پیغام News Deskمئی 26, 202606 مشاهدات جن قوموں نے ظلم کیا اور ناشکری کی، ان سے نعمتیں چھین لی گئیں: خطبہ حج میدان عرفات میں ادا کیے جانے والے خطبہ حج میں امام مسجد نبوی ﷺ عبدالرحمان الحذیفی نے مسلمانوں کو توحید، صبر اور شکرگزاری کا درس دیتے ہوئے کہا کہ جن قوموں نے ظلم کیا اور اللہ کی ناشکری کی، ان سے نعمتیں چھین لی گئیں۔ مسجد نمرہ میں دیے گئے اس خطبے میں انہوں نے واضح کیا کہ صرف رب کی عبادت کرو، تقویٰ اختیار کرو اور اللہ کے سوا کسی سے نہ ڈرو۔ امام الحذیفی نے کہا کہ مشکل حالات میں صبر مومن کی پہچان ہے اور اللہ تعالیٰ نے صبر کرنے والوں کے لیے اجر عظیم کا وعدہ فرمایا ہے۔ توحید پر عمل ایمان کا لازمی جزو ہے، اور نبی کریم ﷺ اللہ کے آخری رسول ہیں۔ انہوں نے حجاج کرام کو تاکید کی کہ اللہ کی نعمتوں پر اس کا شکر ادا کریں اور ان سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ خطبے میں سچائی اور دیانت کو بھی موضوع بنایا گیا۔ امام الحذیفی نے کہا کہ ہمیشہ سچ بولیں اور جھوٹ سے دور رہیں۔ حجاج کرام پر زور دیا گیا کہ وہ نماز قائم کریں، ذکر الٰہی میں مشغول رہیں اور ہر لمحہ مغفرت کی دعا مانگتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ اور بندے کا گہرا تعلق ہی نجات کا ذریعہ ہے۔ امام نے یہ بھی کہا کہ حج کے دوران لڑائی جھگڑے اور اتحاد کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی عمل سے مکمل اجتناب کیا جائے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کے حالات پر رحم فرمائے، ان کے اعمال قبول کرے اور انہیں ہدایت عطا فرمائے۔ لاکھوں حجاج کرام نے میدان عرفات میں یہ خطبہ سنا۔ اس موقع پر مسلم دنیا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ خطبے کے بعد مسجد نمرہ میں نماز ظہر اور عصر اکٹھی ادا کی گئیں۔