پاکستان کے زیرانتظام کشمیر حکومت نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دے دیا
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر حکومت نے جمعے کو جاری نوٹیفکیشن میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم تنظیم قرار دے دیا۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری اس دستاویز کی تصدیق وزیر خزانہ اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ چوہدری قاسم مجید نے کی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جموں کشمیر ایکشن کمیٹی اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پہلے سے فرسٹ شیڈول میں شامل تھیں، اب عوامی ایکشن کمیٹی کے نام سے سرگرم تنظیم کو بھی اسی فہرست میں ڈال دیا گیا ہے۔ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے صدر نے اس فیصلے کی باقاعدہ منظوری دی۔
حکومتی دستاویز میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تنظیم کے خلاف امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں اور وہ ریاست میں انتشار پھیلانے میں ملوث پائی گئی۔ محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ تنظیم عوام میں خوف و بے اطمینانی کو ہوا دینے کے ساتھ ساتھ نفرت اور تناؤ کو فروغ دینے میں بھی سرگرم رہی۔
یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات کا عمل جاری تھا۔ کالعدم قرار دیے جانے کے بعد تنظیم کی سیاسی و تنظیمی سرگرمیوں پر قانونی پابندی عائد ہو جائے گی۔
