دنیا وینزویلا میں زلزلوں کے متاثرین کے لیے ملک گیر سوگ کا اعلان News Deskجولائی 2, 202608 مشاهدات وینزویلا میں زلزلوں سے ہونے والے جانی نقصان پر ایک ہفتے کے سوگ کا اعلان وینزویلا میں زلزلوں سے ہونے والے جانی نقصان پر حکومت نے ایک ہفتے کے قومی سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے ملک بھر میں آج سے سات روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا، جو زلزلوں میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک ان ہلاکتوں پر شدید غم میں مبتلا ہے اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جاتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلوں سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 2300 کے قریب جا پہنچی ہے، جبکہ 10 ہزار 571 افراد زخمی اور 43 ہزار سے زائد تاحال لاپتا بتائے جاتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ امدادی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں تاہم ملبے تلے دبے افراد کی زندگی کے امکانات وقت گزرنے کے ساتھ کم ہوتے جا رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ زلزلوں سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 68 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔ ادارے کے مطابق یہ اندازہ ابتدائی سیٹلائٹ ڈیٹا اور زمینی جائزوں کی بنیاد پر لگایا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے پناہ گزین ادارے یو این ایچ سی آر کے مطابق دارالحکومت کاراکاس کے شمال میں واقع شہر لا گوائرا زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ وہاں خوراک کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے، بنیادی سہولیات تباہ ہو گئی ہیں اور مواصلاتی رابطہ نظام تقریباً منقطع ہے۔ بین الاقوامی امدادی تنظیمیں متاثرہ علاقوں میں خوراک اور طبی سامان پہنچانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔